لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اولڈ راوین یونین کے نئے منتخب کردہ عہدے داروں نے ملاقات کی۔
ملاقات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی بلا شبہ ملکی تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات ہیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس ملک کی نمایاں درسگاہ ہے جس نے بہت نامور سپوت پیدا کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گورنمنٹ کالج سے فارغ التحصیل طالب علم مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعمیری کام سر انجام دے رہے ہیں۔
شرکا نے کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اس ملک کے وزیر اعظم خود گورنمنٹ کالج سے تعلیم یافتہ ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اپنے زمانہ طالب علمی اور اساتذہ کرام کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔
شہباز شریف نے اولڈ راوین یونین کی تعلیمی ترقی اور دیگر فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر اولڈ راوین یونین کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یادگاری شیلڈ اور تصویر بھی پیش کی۔