اسلام آباد: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعظم ہاؤس کو ذاتی مفادات اور عوام کو ورغلانے کیلئے استعمال کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سائفر کے ساتھ جڑی شعبدہ بازی، اداکاری سامنے آ گئی ہے، اعظم خان کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، اعظم خان کا سکندر اعظم کے حوالے سے بیان سب کے سامنے ہے، اعظم خان بیورو کریسی کو ہدایت کاریاں دیتے تھے، وہ اداکاری میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں سیاست دانوں کی بے توقیری کی گئی، مکڑی کی طرح اعظم خان نے جال بنا، سائفر کا خالی کاغذ لہرانے کی فلم پوری قوم نے دیکھی، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سبکی ہوئی، پاکستان کی قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا، کاغذ کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسی کا وعدہ معاف گواہ بن کر گناہوں سے بچنے کی کوشش کرنا قابل قبول نہیں، اداکار، ہدایت کار اور فلم کے ساتھ جڑے سارے گینگ کو آرٹیکل 6 کے تحت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اگر ان کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا تو کھیل نہیں رکے گا، قوم کو جھوٹے زہریلے پراپیگنڈے کا شکار کر کے سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا۔
انہوں نے کہا سائفر کے بعد استحکام پاکستان پارٹی مطالبہ کرتی ہے تمام اداکاروں کیخلاف آرٹیکل 6 لگا کر قانونی شکنجے میں لایا جائے، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اداروں سے معافی مانگے، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور پبلک کر دیا گیا ہے، استحکام پارٹی کا منشور عوام کی ترقی اور خوشحالی کا روڈ میپ ہے، ہم نے روایتی سیاست کو دفن اور پاکستان کو متحد کرنا ہے، انتخابی نشان کیلئے ’شاہین‘ کی درخواست جمع کرا دی ہے۔