جعلی ویزے: عراق سے آنیوالے 6 مسافر کراچی ایئر پورٹ پر گرفتار

Published On 20 July,2023 05:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزوں پر عراق سے آنے والے 6 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

امیگریشن حکام کے مطابق گرفتارملزمان میں امتیاز حسین، ضمیر حسین، محمدعمران، اندلیپ حسنین، جلیل احمد اور جواد حسین شامل ہیں، ملزموں کے پاسپورٹس پر عراق کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاسپورٹس پر لگی انٹری سٹیمپس بھی جعلی نکلیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان غیرقانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے عراق پہنچے تھے، گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئےاینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔