کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے جعلی ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپے میں 250 پاسپورٹس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جعلی ٹریول ایجنسی کے دفترپرچھاپہ مارا، اس دوران دو ملزمان راحیل اور کاشف رضا کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 250 پاسپورٹس برآمد کرلیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے مذکورہ پاسپورٹ غیر قانونی طور پر اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے اور جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کا چار دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے ،مزید تفتیش جاری ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔