اینٹی نارکوٹکس فورس کی مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان گرفتار

Published On 18 July,2023 11:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے 4 مختلف کارروائیوں میں 16 کلو منشیات برآمد کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایم 1 موٹروے اسلام آباد پر خیبر کے رہائشی ملزم سے 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کر لی۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز نمبر پی کے 287 کے ذریعے بحرین جانے والے پشاور کے رہائشی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 442 گرام چرس برآمد کی گئی۔

حیدرآباد پر واقع بولیوارڈ مال کے بالمقابل ٹھٹھہ کے رہائشی ملزم کے قبضے سے 4 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ سونا خان چوک کوئٹہ کے قریب کارروائی میں کوئٹہ کے رہائشی ملزم کے بیگ میں چھپائی گئی 5 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔