لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کی بڑی کارروائی ، انسانی سمگلر افتخار احمد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری، گجرات سے بدنام زمانہ انسانی سمگلر افتخار احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم سادہ شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے میں ملوث تھا، ملزم نے شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لئے بھاری رقوم وصول کی، تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرات سرکل طارق مسعود کی ہدایت پر انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تکنیکی اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔
طارق مسعود کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھناونے جرم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے، لوگوں کی جمع پونجی اور زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں۔