کراچی: (دنیا نیوز) میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ایک ہفتے سے لاپتہ کسٹمز افسران کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے مطابق دونوں افسران کسٹمز میں میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ہیں، طارق محمود اور یاور عباس کو اسلام اباد جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
ایف ائی اے حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 54 لاکھ روپے، ڈھائی ہزار امریکی ڈالر ، متحدہ عرب امارات کے 6 ہزار ایک سو درہم برآمد ہوئے، غیرمعمولی کرپشن میں پاکستان کسٹمز کے دیگر افسران بھی ملوث ہیں۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ نمبر 19/23 درج کر لیا گیا، ملزمان مختلف کسٹمز افسران کے ساتھ مل کر سمگلنگ کے عوض مافیا سے کروڑوں روپے وصول کرتے رہے ، کسٹم کی چیک پوسٹوں سے ماہانہ کی بنیاد پر 40 سے 60 ملین وصول کیے جاتے رہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے شہر میں بڑے پیمانے پر چھالیہ اور دیگر سامان کی سمگلنگ کی مد میں کروڑوں روپے رشوت وصول کی جاتی ہے، رشوت کی وصولی موچکو، مواچھ گوٹھ، سہراب گوٹھ اور گھگھر پھاٹک کی چیک پوسٹوں سے کی جاتی ہے۔