اے این ایف کی کارروائیاں، 24 کلو سے زائد منشیات برآمد، 5 ملزمان گرفتار

Published On 14 July,2023 09:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں میں 24 کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان گرفتار کر لئے۔

ترجمان اے این ایف کےمطابق ایم 1 موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد پر کارروائی کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار بھکر اور میانوالی کے رہائشی دو ملزمان کے قبضے سے 5 کلو چرس برآمد کر لی۔

کمالپور پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار مردان کے رہائشی ملزم کے قبضے سے 3 کلو 600 گرام چرس، فیصل گارڈن فیصل آباد کے قریب موٹر سائیکل سے 12 کلو چرس اور 300 گرام آئس قبضے میں لے کر مُلزم گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ میانوالی کے رہائشی موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 3 کلو 300 گرام چرس پکڑی گئی، ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔