لاہور: (دنیا نیوز) منشیات کے پیکٹ لے جانے والا ایک اور ڈرون سرحدی گاؤں کے قریب فصلوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔
لاہور کے سرحدی علاقے ہڈیارہ میں منشیات سمگل کرنیوالا ڈرون گرکر تباہ ہوگیا، ڈرون کے ساتھ منشیات پاؤڈر (ہیروئن) کے پانچ پیکٹ منتقل کیے جارہے تھے ۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا تو پولیس اوراینٹی نارکوٹکس نے وقوعہ پر پہنچ کر ڈرون کو قبضے میں لے کر پانچ پیکٹ ڈرگ پاوڈر کے برآمد کرلیے، جن کی مالیت لاکھوں روپے کے قریب ہے۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس اور اے این ایف منشیات کی سپلائی کیلیے ڈرون استعمال کرنے والے گینگ کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل منشیات سے بھرا ڈرون کاہنہ کے علاقے سے بھی گرا تھا، جس کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن منتقل کی جارہی تھی ۔