آن لائن لون ایپس کیخلاف کریک ڈاؤن، بلیک میلنگ میں ملوث مزید 6 ملزم گرفتار

Published On 20 July,2023 05:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد کا آن لائن لون ایپس کیخلاف کریک ڈاؤن بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد عمیر، خرم عباس، سید علی نور، مشاہد انور، امیر جلیل اور طلحہ احمد شامل ،ملزمان شہریوں کو مختلف فون نمبرز سے دھمکی آمیز کالز کر کے ہراساں کرتے تھے۔

ملزمان این بی ایف سی سے غیر منظور شدہ گیٹ وے گیمز، جیکب ڈاٹ کام، ڈراپ زون اور کورنیشے کمیونیکیشنز کے ذریعے شہریوں کو قرض فراہم کرتے تھے، ملزم مشاہد انور، امیر جلیل اور طلحہ احمد جعلی آن لائن ایپس آسان قرضہ اور فوکس لون کے ذریعے قرضہ فراہم کرتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو ایڈٹ شدہ قابل اعتراض تصاویر اور وائس کال کے ذریعے ہراساں کرتے تھے، جعلی کمپنی کے دفتر سے ملنے والے 20 موبائل فونز اور 10 لیپ ٹاپس بھی ضبط کر لیے گئے۔