منی لانڈرنگ کیس: عدالت کا پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی کی تنخواہ روکنے کا حکم

Published On 26 July,2023 08:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر لاہور کی سپیشل سنٹرل کورٹ نے آئی جی پنجاب سمیت تین اعلیٰ افسران کی تنخواہ روکنے کا حکم دے دیا۔

سپیشل سنٹرل کورٹ کے جج بخت فخر بہزاد نے آج بھی چودھری پرویز الہٰی کو عدالت کے روبرو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم سیکرٹری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تینوں افسران کی تنخواہ روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو بغیر اجازت راولپنڈی جیل منتقل کرنے پر تینوں افسران کو پچاس پچاس ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا، عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کو 5 اگست کو پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔