صوفی بزرگ بابا فرید الدینؒ کے 781 ویں عرس کی تقریبات اختتام پذیر

Published On 29 July,2023 11:28 am

پاکپتن: (دنیا نیوز) صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 781 ویں عرس مبارک کی 15 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔

آخری روز ڈپٹی کمشنر امتیاز کھچی اور ڈی پی او طارق ولایت نے بہشتی دروازہ کھولنے کی سعادت حاصل کی، پانچ راتوں کے دوران لاکھوں زائرین بہشتی دروازہ سے گزرے، اذان فجر کے وقت بہشتی دروازہ ایک سال کیلئے بند کر دیا گیا۔

10 محرم کو نوری دروازے کو بھی عرق گلاب اور صندل سے غسل کے بعد شہدائے کربلا کے سوگ میں 40 روز کے لئے بند کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی عرس کی 15 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔

عرس کی تقریبات کے دوران لاکھوں زائرین نے مزار شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگیں۔

یاد رہے کہ آخری روز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر حسین بھٹی نے دربار حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر حاضری دی اور بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے امن وامان، ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی، محکمہ اوقاف حکام اور ضلعی افسران نے چیف جسٹس کا استقبال کیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔