کراچی : (ویب دیسک ) نسلہ ٹاور کی زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس میں سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) منظور قادر کاکا کوگرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کورٹ نے منظور قادر اور خیر محمد کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ، ضمانت منسوخ ہونے پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
نسلہ ٹاور کیس کے تفتیشی افسر زاہد میرانی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ منظور قادر کاکا نے نسلہ ٹاور کی غیر قانونی منظوری دی تھی، سپریم کورٹ کے حکم پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے کہا کہ 26 جولائی کو عدالت نے منظور قادر کی 5 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے آج ان کی ضمانت منسوخ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ضمانت منسوخی کے بعد اینٹی کرپشن کی جانب سے منظور کاکا اور خیر محمد ڈاہری کو گرفتار کیا گیا ہے ۔