اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اصلی نام "بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ" بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سینیٹر شیری رحمان نے یہ مطالبہ قائمہ کمیٹی ہوابازی کے اجلاس میں کیا، انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابینہ سے منظور شدہ ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ کا اصلی نام بحال کیا جائے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں عظیم لیڈرز کے نام پر ایئرپورٹ ہوتے ہیں جس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے لائسنس گیٹ کا تماشہ کیا تھا، ان کے اس تماشے سے پی آئی اے کریش کر چکی تھی، پائلٹس کا اعتماد بحال کرنا بہت مشکل تھا، ان کی تنخواہ میں اضافہ جائز ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی آئی کے 1 سے 4 گریڈ کے مزدور طبقے کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جائے، عوام کے جائز مطالبے پر موہن جو دڑو ایئرپورٹ کی پروازیں بھی بحال کی جائیں۔