کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوری تسلسل جاری رہے گا، ن لیگ الیکشن میں نواز شریف کی قیادت میں عوام کے پاس جائے گی۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے دور حکمرانی میں آزادی رائے کی سینسرشپ کے ہم ہمیشہ وکٹم رہے، ہم کوئی ایسی پالیسی نہیں اپناتے جس سے میڈیا پر قدغن لگے، اگرآپ چاہتے ہیں کہ مشرف کا 2002ء کا کالا قانون رہے توآپ بھی خوش اور میں بھی خوش۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاستی تحفے بیچے، گرفتاری سیاسی نہیں، مریم اورنگزیب
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کی کل میٹنگ ہوئی، اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کو نوٹیفائی کیا گیا، نگران وزیراعظم کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری ہے، جو بھی نگران وزیراعظم ہوگا اس کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمینیں کسی کے حوالے نہیں کی جا رہیں، پاکستان کے پاس پانی اور زمینیں بہت ہیں، ساؤتھ کے خطے کا معاشی انحصار بندرگاہوں پر ہے، نواز شریف نے 2014ء میں سی پیک کو گوادر سے شروع کیا، گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبے کو بند کر دیا، متنازع بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 14 ماہ میں معیشت کو ریسکیو کیا، معاشی استحکام کی طرف لے کر آئے، پٹرول بم کا نام زمان پارک میں سنا، اس سے پہلے نہیں سنا، 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے ہوئے، شہدا کی بے حرمتی کی گئی، 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی تھے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، حکومت ختم ہونے کی سمری صدر کو ارسال ہو جائے گی۔