ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنانے والا آج خود جیل میں ہے: احسن اقبال

Published On 06 August,2023 10:16 pm

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن آج ہوں کل ہوں یا پرسوں ہوں ہم تیار ہیں، الیکشن جب بھی ہو گا عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کی دیوالیہ معیشت کو دوبارہ بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔

نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2021ء میں کونسل آف کامن انٹرسٹ (سی سی آئی) نے چیئرمین پی ٹی آئی کی صدارت میں فیصلہ کیا کہ ملک میں ساتویں مردم شماری ہو، 13 جنوری 2022ء کے اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی، کہا گیا کہ 2023ء کے الیکشن کیلئے مردم شماری مکمل کر کے الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اس کی روشنی میں حلقہ بندی کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اور نواز شریف چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی سے خوش نہیں؟، وزیر قانون سے سوال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا ہے کہ مردم شماری کا فیصلہ سی سی آئی نے پچھلی حکومت کے دور میں کیا تھا، اسی فیصلے کی روشنی میں ہم نے ساتویں مردم شماری کو جاری رکھا، کل کونسل آف کامن انٹرسٹ نے مکمل اتفاق رائے کے ساتھ مردم شماری کی منظوری دی، مردم شماری کو الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیں گے، باقی فیصلہ الیکشن کمیشن نے آئین قانون کی روشنی میں کرنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپریل 2022ء کو جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پوری دنیا میں شور تھا کہ پاکستان 4 ہفتے نکالے گا یا 6 ہفتے نکالے گا، پچھلی حکومت ہمارے تمام دوست ملکوں سے تعلقات کو سرد مہری میں ڈال چکی تھی، پاکستان کے تعلقات خلیجی ممالک کیساتھ نہایت سرد کر دیئے گئے، جو انہوں نے تحفے دیئے انہیں بیچ دیا، پاکستان کے چین، روس، خلیجی ممالک کے اس وقت بہترین تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاستی تحفے بیچے، گرفتاری سیاسی نہیں: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا ہے کہ 3 روز بعد ہماری حکومت ختم ہو جائے گی، 14 ماہ میں ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ہماری حکومت کے بعد اب دور تک ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں رہا۔

انہوں نے کہا ہم نے 2018ء میں تبدیلی کی قیمت دیکھ لی، چیئرمین پی ٹی آئی اپنی کرتوتوں کی وجہ آج جیل میں بیٹھا ہے، ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے والا خود سچے مقدمے میں جیل گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل بندی کی خوشی نہیں، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے بھائی کی دی ہوئی گھڑی بازار میں بیچ دی، اناڑی کو چابی دو گے تو وہ بس کے نیچے آئے گا یا کھائی میں گرے گا۔