پشاور: تحصیل کونسل متھرا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کامیاب

Published On 07 August,2023 08:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور اور حویلیاں میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا کی تحصیل کونسل متھرا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار نے میدان مار لیا، انعام اللہ 20 ہزار 333 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے امیدوار رفیع اللہ 13 ہزار 564 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ جے یو آئی (ف) سے تعلق رکھنے والے چیئرمین تحصیل متھرا فرید اللہ کی وفات پر نشست خالی ہوئی تھی۔

تحصیل حویلیاں سے آزاد امیدوار عزیر شیر خان کامیاب

دوسری جانب ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں تحصیل چیئرمین کیلئے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے امیدوارکو شکست ہوگئی۔

غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عزیر شیر خان 21 ہزار 464 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کے افتخار خان 18 ہزار 527 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔

غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک طلحہ کو 14 ہزار 892 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ یہ نشست تحصیل چیئرمین عاطف منصف خان کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی، عاطف منصف خان آزاد حیثیت سے چیئرمین حویلیاں منتخب ہوئے تھے بعد میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

 

Advertisement