وسائل بچا کر غربت کے خاتمے کیلئے استعمال کریں تو قرض کی ضرورت نہیں، وزیراعظم

Published On 10 August,2023 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل کو بچا کر ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے استعمال کریں تو ہمیں قرضے لینے کی ضرورت نہیں۔

اسلام آباد میں پی ایم آفس اور پی ایم ہاؤس کے عملے کے اعزاز ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کی اجتماعی خدمت پر مامور ہیں، ہمیں آج قومی اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، ایک لڑی میں پرو کر ہمیں پاکستان کی خدمت کرنی ہے تاکہ وہ وقت آئے جب بھکاری پن کو ہم ہمیشہ کیلئے خدا حافظ کہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں کوشش کی کہ وسائل کو ممکن حد تک بچایا جا سکے، آج سے چند ماہ پہلے ہماری معاشی صورت حال چیلنجنگ ہوگئی تھی، رات کو ہماری کابینہ ختم ہوگئی، کچھ وزرا نے کل تنخواہ نہیں لی، گاڑیاں واپس کردیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے ہمیں معدنیات کی بے پناہ دولت دی، اللہ تعالیٰ نے ہمیں قابل لوگ دیے ہیں، ماضی میں ہم نے وقت کھویا اور نقصان اٹھایا، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپنی تقدیر بدلنی ہے، ہمیں ملک کو مشکلات سے نکال کر خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے، بزرگوں نے قربانیاں دیں لیکن بدقسمتی سے قائداعظم کے بعد ہم راستے سے بھٹک گئے۔