اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ تمام ہم وطنوں کو آزادی کی 76 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بانیانِ پاکستان اور کارکنان تحریکِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے، قائدِ اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئیں عہد کریں جمہوریت، آزادی، عفو و درگزر اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں گے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔
صدر عارف علوی نے قوم سے درخواست کی کہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں، آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے، آئیں عزم کریں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو 76 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے مرد،عورتوں اور بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، لوگوں نے حصولِ پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی، پاکستان کے اس قیمتی تحفے کیلئے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد ایسے خیال کی عکاس ہے جس کی جڑیں بہتر کل کی امید پر مبنی ہیں، یہ خیال ایک ایسے ملک کیلئے تھا جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں، اپنی شاندار روایات، اخلاقیات، ثقافت اور اقدار کے مطابق امن اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تصور عظیم تھا، قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، قائد اعظم نے ایک پر امن جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی قیادت کی، 14 اگست صرف سیاسی آزادی کا جشن نہیں ہے، ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں، کشمیری ظالمانہ بھارتی قبضے کے خلاف مستقل جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی عوام کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی جابرانہ قبضے کے خلاف غیر معمولی جذبے اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کی وکالت کرتے ہیں۔