لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئند ہے، آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی، انوار الحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخصیت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کی طرف سے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے، امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں ہم نے دن رات محنت کر کے ملک کو جس معاشی استحکام سے ہمکنار کیا امید ہے اس کا تسلسل جاری رہے گا، ترقی، تعمیر اور معاشی بہتری کا تسلسل یقینی بنانا پاکستان اور عوام کی بہتری کیلئے ضروری ہے، دعاگو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اور آئین کی توقعات پر پورا اتریں۔