لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے فلم اور فنکار کی حوصلہ افزائی کی اور شوبز سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کو شش کی ہے، امید ہے کہ عبوری حکومت بھی اس سلسلہ کو جاری رکھے گی۔
گونر ہاؤس لاہور میں فلمی صنعت کی بحالی کیلئے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ فنکار معاشرتی اور اخلاقی اقدار کے سفیر ہوتے ہیں جنہیں خود کو منوانے اور معاشرے میں اپنا مقام پیدا کرنے کیلئے بڑی تگ و دو کرنی پڑتی ہے، فلم، میوزک اور ریڈیو آرکائیوز پالیسی کا اجرا کر دیا ہے، ماضی میں ہمارے ہمسایہ ممالک میں فلمیں اور ڈرامے پسند کئے جاتے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے آپ کمیٹی بنائیں اور سوچیں کہ کن خطوط پر چلنا ہے تاکہ فلم انڈسٹری میں کھویا ہوا مقام واپس حاصل ہو سکے، مجھے وہ دن بھی یاد ہے جب یہاں ہم خوبصورت فلمیں اور ڈرامے دیکھا کرتے تھے مگر بدقسمتی سے ایک طویل عرصے تک فلم انڈسٹری نہ ہونے کے برابر رہی، کئی سینما ہالز شادی ہالوں میں تبدیل ہو گئے، ثقافت کسی بھی سوسائٹی کا حسن ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وحید مراد، محمد علی، شبنم، زیبا، مصطفیٰ قریشی، منور ظریف، ننھا، کمال رضوی، معین اختر، عمر شریف، عرفان کھوسٹ، امان اللہ سمیت دیگر فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے ملک کی خدمت کی اور نام کمایا ہے۔