اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 30 سال سے میں اسٹیبلشمنٹ کی آنکھوں کا تارا ہوں، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میرے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے رہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اینکرز اور بیورو چیفس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے اتحادیوں نے مجھے اختیار دے دیا، نگران وزیراعظم کے تقرر کے حوالے سے ابھی آئینی طور پر چند روز موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریویو آف ججمنٹ ایکٹ کالعدم ہونے کا میاں نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، نواز شریف کی نااہلی 5 سال پورے ہونے پر ختم ہوچکی ہے، مانتا ہوں کہ معاشی صورتحال کی وجہ سے ہمارے ووٹ بینک میں کمی ہوئی مگر ہم نے ریاست کو بچایا، نواز شریف کے واپس آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سینئرصحافیوں سے گفتگو کی اور کہا کہ مہنگائی بہت زیادہ تھی، ہم نے چیلنجز سے نمٹنا تھا، آئی ایم ایف کی وجہ سےمہنگائی آئی، ہم نے مہنگائی کم کرنے کے لیے کوششیں کیں اور کچھ کم ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کبھی کسی صحافی سے کوئی گلا نہیں کیا، میں نے تنقید اور تعمیر کو ہمیشہ خوش آمدید کہا، میں نے صحافیوں پر یقین کیا کہ وہ ایک آزاد رپورٹ دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سخت فیصلے اور ایکشن لینے پڑے کیونکہ ہم کچھ نہیں کر سکتے تھے، کبھی کوئی وزیراعظم ایسے الوداع نہیں ہوا جیسےمیں جارہا ہوں، میں سب سے مل کر جا رہا ہوں۔