لاہور: (دنیا نیوز) دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
بھارتی ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافے سے پاکستانی حدود متاثر ہوں گی، بکھرا ڈیم اور پونگ ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جس پر پاکستان میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔
دریائے ستلج میں بھی گزشتہ چند گھنٹوں میں پانی کا بہاؤ 36560 کیوسک سے 55 ہزار 9 سو کیوسک تک پہنچ گیا، 17 سے 20 اگست تک پانی کی سطح ایک لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے گی۔
گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا اخراج مسلسل بڑھ رہا ہے جو مزید شدت اختیار کر سکتا ہے جس کی وجہ سے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔