نگران وزیر اعلیٰ کا رات گئے شاہدرہ ہسپتال کا دورہ، مریضوں کیلئے سہولیات پر اظہار اطمینان

Published On 16 August,2023 03:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے رات گئے شاہدرہ ہسپتال کا سرپرائز دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے دورے کے دوران ایمرجنسی، بچہ ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا، انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کر کے ہسپتال میں موجود طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی دستیابی کے بارے دریافت کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ کے استفسار پر مریضوں اور تیمارداروں نے شاہدرہ ہسپتال میں طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا، محسن رضا نقوی وارڈز میں اے سی آن، ڈاکٹرز، نرسز کی موجودگی اور ہسپتال کی صورتحال میں بہتری پر خوش نظر آئے۔

دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ شاہدرہ ہسپتال کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے، ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز نے محنت کی اور اس کا اچھا رزلٹ آیا۔

وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے کارڈیالوجی روم کیلئے الگ جگہ مخصوص کرنے کی ہدایت کی، اوور چارجنگ کی شکایات پر پارکنگ کا ٹھیکہ منسوخ کر کے انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کے سپرد کرنے کا حکم دے دیا۔