لاہور:(دنیانیوز) کمسن ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس کی ملزمہ کے شوہر سول جج عاصم حفیظ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سول جج عاصم حفیظ کو راولپنڈی میں او ایس ڈی تعینات کردیا ہے، عاصم حفیظ کو19 اگست سے قبل راولپنڈی میں چارج سنبھالنےکی ہدایت کر دی گئی ۔
یاد رہے کہ کمسن ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں ملزمہ سومیہ عاصم کے شوہر اور سول جج عاصم حفیظ کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے طلب کر رکھا ہے جبکہ ان کی اہلیہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔
بچی پر تشدد کیس
24 جولائی کو جنرل ہسپتال لاہور میں زیرعلاج 14 سالہ بچی رضوانہ پرتشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا، بچی کی ماں نے جج کی اہلیہ پر تشدد کا الزام لگایا تھا، جب بچی کہ ہسپتال پہنچایا گیا تو اس کے سر کے زخم میں کيڑے پڑ چکے تھے، جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور دونوں بازو ٹوٹے ہوئے تھے اور وہ شدید خوف کا شکار تھی۔
رضوانہ کے علاج کے لیے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم کا کہنا ہے کہ بچی کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے اگرچہ وہ چلنے کی پوزیشن میں نہیں ہے مگر اس کے انفیکشن میں خاصی کمی ہوئی ہے۔