ڈسکہ : سی آئی اے پولیس اور ملزموں میں مقابلہ ، انسپکٹر شہید

Published On 16 August,2023 09:40 am

سیالکوٹ : (دنیانیوز) پنجاب کے شہر ڈسکہ میں سی آئی اے پولیس اور ملزموں میں مقابلے کے دوران تھانیدار جاں بحق ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق یہ مقابلہ تھانہ بمبانوالہ کے علاقہ سکھر نہر کے قریب ہوا جہاں  سی آئی اے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کردی ۔

ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہزاد چیمہ  شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ، واقعے میں  انسپکٹر ارشاد ، سب انسپکٹر شفاقت گجرو دیگر نفری محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، اے ایس آئی کی ڈیڈ باڈی سول ہسپتال ڈسکہ منتقل کردی گئی ہے ۔

آئی جی پنجاب کا نوٹس 

آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ، آئی جی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد ازجلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فائرنگ سے شہید ہونیوالے اے ایس آئی شہزاد چیمہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  اے ایس آئی شہزادچیمہ نے دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرکے فرض شناسی کی اعلٰی ترین مثال قائم کی ہے ، محکمہ فرض کی راہ میں جان دینے والے بہادرفرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ 

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہزاد احمد چیمہ سی آئی اے سیالکوٹ میں تعینات تھا ۔