تحریم الٰہی کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے درخواست پر فیصلہ محفوظ

Published On 17 August,2023 05:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تحریم الٰہی کی درخواست پر جسٹس راحیل کامران نے سماعت کی، تحریم الہٰی کے کیس میں ماڈل ایان علی کا تذکرہ بھی ہوا، تحریم الٰہی کے وکیل نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سپریم کورٹ کے احکامات کی کاپی پیش کی۔

جسٹس راحیل کامران نے ریمارکس دیئے کہ یہ اچھی ججمنٹ دی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ دوبارہ کبھی ماڈل ایان کو پاکستان میں نہیں دیکھا گیا۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی جواب جمع کرا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی درخواست پر تحریم الٰہی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، تحریم الٰہی پر اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے۔

تحریم الٰہی کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ حکومت پاسپورٹ رولز 21 کے تحت نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جاسکتا، تحریم الٰہی برٹش نیشنل ہیں وہ بچوں سے 5 ، 6 ماہ سے دور ہیں۔

عدالت نے امجد پرویز کو ہدایت کی کہ آپ جذباتی باتیں نہ کریں، اگر ماں وہاں نہیں جا سکتی تو بچے پاکستان آجائیں۔