اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو مزید ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔
نگران وزیرِاعظم کو ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے قائم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انوارالحق کاکڑ کے زیر صدارت اجلاس میں جہانزیب خان سیکرٹری عملدرآمد (SIFC) اور جمیل احمد قریشی سیکرٹری (SIFC) نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار میں بیرونی سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:نگران وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں حلف اٹھا لیا
وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے SIFC کے تحت بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے Whole of the Government اپروچ کے بارے بھی بتایا، اور بتایا گیا اس حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے جہانزیب خان اور جمیل احمد قریشی کی SIFC کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا، وزیراعظم نے کہا ملکی معیشت کی بہتری کیلئے SIFC اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کی بے شمار استعداد موجود ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل SIFC کی چھتری تلے ان شعبوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار کا انفراسٹرکچر کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے ریگولیٹری سٹرکچر کو ہم عصر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا ملک میں زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیدوار کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، نگران حکومت SIFC کے فورم کا بھرپور استعمال یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے کہا نگران حکومت اپنے مختصر دور حکومت میں اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی میں صرف کرے گی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل SIFC پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ایک امید کی کرن ہے۔