بھارت نے 'نالہ ایک' میں سیلابی ریلا چھوڑ دیا، فصلیں تباہ

Published On 18 August,2023 09:22 am

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) بھارت کی جانب سے 'نالہ ایک' میں سیلابی ریلا چھوڑ دیا گیا جس سے فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے ریلے کی وجہ سے سمبڑیال ندوکی چیمہ کے مقام پر  نالہ ایک  میں طغیانی ہے۔

طغیانی کے باعث متعدد مقامات پر شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پر لگی دھان ،چارے، سبزی کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

اس کے علاوہ پانی کے تیز بہاؤ سے سڑکیں پانی میں بہہ گئیں جبکہ متعدد دیہاتوں کو جانے والے راستے منقطع ہوگئے۔

دوسری جانب انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق ملک کے 3 بڑے آبی ذخائر مکمل طور پر پانی سے بھر گئے ہیں، تربیلا،منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 1 کروڑ 34 لاکھ ایکڑ فٹ ہو گیا ہے۔

Advertisement