مساجد سے خطبات میں اقلیتی حقوق پر توجہ دی جائے : محسن نقوی

Published On 18 August,2023 01:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ (آج) جمعہ کے دن صوبے بھر کی مساجد سے خطبات میں اقلیتی حقوق پر توجہ دی جائے ، ان مشکل حالات میں اس بات پر زور دینے کی ضرورت ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا بیان فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں جلاؤگھیراؤ کے واقعات کے بعد آیا ہے جہاں مسیحی برادری کے متعدد مکانات کو توڑ پھوڑ کرکے نذرآتش کردیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ آج جمعہ کے خطبات کے دوران قرآن پاک اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق پر روشنی ڈالی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کے امن کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے لیے مذہبی علماء کا مشکور ہوں۔

 محسن نقوی نے  کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سیز، ڈی پی اوز، ایس پیز اور اے سیز کو مساجد میں خطبات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

واضح  رہے کہ ایک روز قبل پنجاب پولیس نے 150 سے زائد ملزمان  کو گرفتار کیا تھا، جن میں دو اہم ملزمان بھی شامل تھے اور پانچ مقدمات درج کیے گئے تھے۔

مقدمات میں دہشت گردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، پولیس سے مزاحمت، سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔