اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی ڈپٹی منسٹر ڈاکٹر حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور، ڈی جی حج بھی شریک تھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا، سعودی وزیر حج مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے چیئرمین ہونے کی وجہ سے انتہائی محترم ہیں۔
انیق احمد نے کہا کہ سعودی وفد سے حج، عمرہ، روٹ مکہ، مذہبی سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا، آئندہ حج انتظامات میں جدت اور بہتری کیلئے ایم او یو سائن کیے جائیں گے۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ سعودی شاہ سلمان کیلئے پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے، کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے خود کو پاکستان کا سفیر قرار دیا تھا، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، پاکستانی بھائیوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔