کوئٹہ: (دنیا نیوز) میر سرفراز بگٹی نے کہا انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت ہے نہ برداشت کیا جائے گا، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔
نگران وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی بھی تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہوتا ہے تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں، انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی انتشار کو برداشت کیا جائے گا، وڈھ تنازع کے حل کیلئے حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا فریقین کو جرگے کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے، مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات ہوئی تھی، ہم پہلے اکھٹے کام کرتے رہے ہیں، ملاقات میں کوئی حرج نہیں، انہوں نے کہا جڑانوالہ واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں، ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا ریاست پاکستان مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے اسلام میں جائز نہیں۔