اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے آئی ٹی ایکسپورٹ 10 ارب ڈالرز سے زائد اور ملک بھر میں ڈیجیٹلائزیشن ہماری ترجیحات ہیں۔
ڈاکٹرعمر سیف نے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے نگران وفاقی وزیر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، وزارت آئی ٹی پہنچنے پر سیکرٹری آئی ٹی نوید احمد شیخ اور دیگر سینئر افسران نے ڈاکٹر عمر سیف کا استقبال کیا۔
ڈاکٹرعمر سیف کو وزارت آئی ٹی کے تکمیل شدہ، جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ معاشی استحکام اور ہنر مند افراد کو با عزت روزگار کی فراہمی میں اہم ہے، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعبوں کے استحکام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عمر سیف آئی ٹی کے شعبے میں اکیڈمیا، مینجمنٹ، کنسلٹنگ اور انٹرپرینیورشپ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ڈاکٹرعمر سیف کیمبرج یونیورسٹی سے 23 سال کی عمر میں کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
ڈاکٹر عمر سیف کو 2010ء میں ورلڈ اکنامک فورم کی طرف سے ینگ گلوبل لیڈر کے طور پر بھی منتخب کیا گیا تھا۔