کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلی بلوچستان کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کے درمیان ہوا۔
ذرائع بلوچستان اسمبلی کا کہنا ہے کہ علی مردان ڈومکی کی تقرری کے لیے سمری سپیکر بلوچستان اسمبلی نے گورنر کو بھجوا دی ہے۔
دوسری جانب ذرائع گورنر ہاؤس نے بھی علی مردان ڈومکی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے حکومت اور اپوزیشن کسی ایک نام پر اتفاق نہیں کر سکے تھے جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
میر علی مردان ڈومکی کون ہیں؟
میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں۔
علی مردان ڈومکی 13 اکتوبر 1972 کو پیدا ہوئے، ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے۔
انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی بھی رہ چکے ہیں، علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔