کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کہا کسی غیرآئینی عمل کا حصہ نہیں بنوں گا، احتساب سب کا ہونا چاہئے۔
کراچی میں نگران وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ کابہت احسان ہے کہ قلیل مدت کے لیےموقع دیا، کوشش ہوگی قائد کے خوابوں کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈال سکوں، نگراں کابینہ پرمشاورت ہو رہی ہے، پہلےمرحلے میں نگراں کابینہ ہوگی، کوشش ہوگی کہ نگراں کابینہ طویل نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کی نگران کابینہ پر مشاورت مکمل، وزراء کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا ملک میں آئین وقانون کی بالادستی سے ہی بہتری آئے گی، الیکشن کی تاریخ دینا اور کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، کسی غیرآئینی عمل کا حصہ نہیں بنوں گا، احتساب مجھ سمیت سب کا ہونا چاہیے، احتساب صرف مجازاداروں کو نیک نیتی سے کرنا چاہیے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا رانی پوربچی ہلاکت کی مکمل انویسٹی گیشن ہونی چاہیے، رانی پور واقعہ بہت ندامت کی بات ہے، جڑانوالہ واقعہ بھی انتہائی تشویشناک ہے۔
مقبول باقر نے کہا الیکشن کمیشن کےمعاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، جہاں ضروری ہوگا بیوروکریسی کوتبدیل کیا جائے گا، ہم بلاوجہ کسی کوتبدیل نہیں کریں گے۔