اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعہ پر پاکستان نے شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور اشتعال انگیز اور انتہائی جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، دانستہ اسلامو فوبک عمل دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچاتا ہے، پُرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خطرہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی جارحانہ کارروائیوں کو اظہار رائے اور احتجاج کی جائز آزادی کے تحت نہیں لایا جا سکتا، بین الاقوامی قانون نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے لیے اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے، آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے۔
عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسل پرستانہ، غیر انسانی اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکیں، اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی منظور کی گئی قرار داد کا مقصد یہی تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کے تحفظات ہالینڈ کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں، دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے، نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کرے۔