اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 3 اگست ء2023 کو وزیر خارجہ عبدالہیان اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے، وسیع ایجنڈے میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بات چیت شامل ہے۔
وزیر خارجہ عبدالہیان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اتفاق رائے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) August 2, 2023
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے بھی ملاقات کریں گے، فریقین دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عبدالہیان کا دورہ دونوں فریقین کے لیے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کرنے کا ایک موقع ہو گا، اس دورے میں خاص طور پر علاقائی روابط، توانائی اور پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی و سرمایہ کاری کے تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔