واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی انٹیلی جنس نے انکشاف کیا ہے کہ روس ماسکو کے مشرق میں ایران کی مدد سے ڈرون تیار کرنے کے لیے ایک فیکٹری تعمیر کر رہا ہے۔
ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے تجزیہ کاروں نے بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ تہران باقاعدگی سے روس میں زیر تعمیر فیکٹری میں سامان منتقل کرتا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس نے کہا کہ یہ سہولت اگلے سال کے آغاز تک مکمل ہو جائے گی، اور خبردار کیا گیا ہے کہ نئے ڈرونز کا روس یوکرین تنازعہ پر خاصا اثر ہو سکتا ہے۔
اپریل میں، امریکہ نے ماسکو سے 600 میل مشرق میں روس کے الابوگا اسپیشل اکنامک زون کے اندر ڈرون مینوفیکچرنگ پلانٹ کے مجوزہ مقام کی ایک سیٹلائٹ تصویر جاری کی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران ڈرون، ہتھیاروں اور مارٹروں کو روس منتقل کرنے کے لیے بحیرہ قزوین کا استعمال کرتا ہے،اور اکثر ایسے بحری جہاز استعمال کرتا ہے جو "ٹریکنگ سسٹم استعمال نہیں کرتے" یا اپنی نقل و حرکت کو چھپانے کے لیے اپنے ٹریکنگ ڈیٹا کو بند کر دیتے ہیں۔