واشنگٹن : (دنیانیوز) امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے مشیر جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کے فراہم کردہ کلسٹر ہتھیار یوکرین کے ہاتھوں میں ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے مشیر جان کربی نے اپنے بیان میں کہا کہ یوکرین کلسٹر ہتھیار روس کے خلاف جنگ میں مؤثر طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔
جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ کلسٹر ہتھیاروں کا استعمال روس کے دفاعی حربوں پر اثرانداز ہورہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کلسٹر ہتھیاروں پر دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں پابندی ہے۔
دوسری جانب یوکرین کی طرف سے امریکی کلسٹر بموں کی تعیناتی پر روس نے حملے تیز کردیئے ہیں۔
روس کی یوکرین کی بندرگاہوں پر بمباری
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کی بندرگاہوں پر روسی افواج کی بمباری جاری ہے، یوکرینی حکام کے مطابق روس نے بندرگاہی شہروں اوڈیسا اور میکولائیو پر تیسرے روز بھی میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روس نے شمال مشرقی یوکرین میں سیکڑوں ٹینک تعینات کر دیئے ہیں۔