کیف : ( ویب ڈیسک ) روس کی جانب سے مسلسل تیسری رات یوکرین پر کئے جانے والے فضائی حملوں میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی یوکرین کے بندرگاہی شہروں پر مسلسل تیسری رات روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہوئے اور ایک چینی قونصلر عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔
یوکرینی فوج کا کہنا تھا کہ روسی افواج نے راتوں رات 19 میزائل اور 19 ڈرون داغے جن میں سے 5 میزائل اور 13 ڈرون مار گرائے۔
یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے اپنے ٹیلی گرام پیغام میں کہا کہ روسی دہشت گرد ہمارے ملک کو تباہ کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم مل کر اس خوفناک وقت سے گزریں گے اور روسی برائی کے حملوں کا مقابلہ کریں گے۔
حکام نے کہا کہ اوڈیسا میں ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک اور کم از کم آٹھ دیگر افراد زخمی ہوئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
یوکرینی شہر مائکولائیو کے میئر اولیکسینڈر سینکیوچ نے بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں ایک شادی شدہ جوڑا بھی مارا گیا جبکہ علاقائی گورنر وٹالی کم نے اس سے قبل کہا تھا کہ شہر میں 19 افراد زخمی ہوئے ہیں اور کئی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب خارکیف کے شمال مشرقی علاقے میں حکام نے بتایا کہ روسی گولہ باری سے وہاں بھی ایک 61 سالہ شخص ہلاک ہوا۔