روس کے یوکرینی صوبے زاپوریزیہ پر میزائل حملے ، 4 افراد ہلاک

Published On 11 July,2023 07:44 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) روس کی جانب سے یوکرین پر کئے جانے والے تازہ میزائل حملوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی حکام نے بتایا کہ روسی میزائلوں نے زاپوریزیہ کے علاقے میں ایک سکول میں امداد کی تقسیم کے مرکز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

زاپوریزیہ کے گورنر یوری مالاشکو نے بغیر کوئی ثبوت فراہم کئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل تھا جبکہ مجموعی طور پر روس نے ایک دن کے دوران صوبے میں 10 بستیوں پر فائرنگ کی ہے۔

دوسری جانب ماسکو کی جانب سے اس بات کا انکار کیا گیا ہے کہ اس نے شہری مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

علاوہ ازیں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا تھا کہ نیٹو کے ارکان کی اکثریت مضبوطی سے یوکرین کے پیچھے کھڑی ہے اور ولنیئس سربراہی اجلاس میں اس بات کی تصدیق کرنی چاہیے کہ یوکرین فوجی اتحاد کا ایک حقیقی رکن ہے۔

خیال رہے کہ نیٹو کا دو روزہ سربراہی اجلاس آج ولنیئس میں شروع ہو رہا ہے اور یوکرین کی رکنیت کی توثیق ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگی۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ جب ہم نے نیٹو میں رکنیت کے لیے درخواست دی تو ہم نے صاف صاف کہا تھا کہ ’ ڈی فیکٹو ‘، یوکرین پہلے ہی اس اتحاد میں شامل ہے، ہمارے ہتھیار اتحاد کے ہتھیار ہیں، ہماری اقدار وہی ہیں جن پر اتحاد یقین رکھتا ہے، ولنیئس کو اسکی تصدیق کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کے لیے مزید ہتھیاروں کی فراہمی پر بھی سربراہی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مجھے یقین ہے کہ ولنیئس سے ہمارے جوانوں کے لیے ہتھیاروں کے حوالے سے اچھی خبر ہو سکتی ہے۔