رجب طیب اردگان کا نیٹو ممبر شپ کیلئے یوکرین کی حمایت کا اعلان

Published On 08 July,2023 11:34 am

استنبول : (دنیانیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے نیٹو ممبر شپ کیلئے یوکرین کی حمایت کا اعلان کردیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترک صدر طیب اردگان کی استنبول میں یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سےملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں یوکرین جنگ ، بحیرہ اسود سے اناج کی برآمد کے معاہدے پر بھی بات چیت ہو ئی ۔

اس موقع پر یوکرینی صدر نے کہا کہ یوکرین نیٹو ممبر شپ کیلئے اگلے ہفتے نیٹو سربراہی اجلاس میں ترکیہ کی متعدد معاملات میں حمایت چاہتے ہیں۔

بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ، صدر اردگان نے کہا کہ یوکرین نیٹو میں شمولیت کا حق دار ہے، یوکرین اور روس کو امن مذاکرات کرنا چاہئے، ترکیہ روس اور یوکرین میں جنگ ختم کرانے کیلئے کو ششیں جاری رکھے گا۔

اس موقع پر یوکرین کے صدر نے ترکیہ کی حمایت پر صدر رجب طیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی داخلی خودمختاری، سلامتی، امن فارمولے، ہمارے ملک اور لوگوں کی حفاظت کو لے کر ترکیہ کی حمایت پر بہت شکر گزارہوں۔