کیف: (ویب ڈیسک ) یوکرین کے شہر لویف میں مبینہ طور پر روسی میزائل لگنے سے ایک رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی اور ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے مغربی شہر لویف کے میئر نے کہا ہے کہ روس نے رہائشی انفراسٹریکچر پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں 50 سے زائد فلیٹس اور پولی ٹیکنیک کالج کا ایک ہاسٹل تباہ ہوگیا۔
اپارٹمنٹ پر روسی میزائل حملے میں دوسری اور تیسری منزل مکمل طور پر تباہ ہوگئی ، یہ علاقہ پولینڈ کی سرحد کی نزدیک ہے جہاں روس باقاعدگی سے یوکرین پر میزائلوں، توپ خانے اور ڈرونز سے گولہ باری کرتا آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق واقعے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 9 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ٹوئٹر پرتباہی کے مناظر کی ایک ویڈیو بھی شئیر کی ہے ۔
Lviv. Consequences of the night attack by Russian terrorists. Unfortunately, there are wounded and dead. My condolences to the relatives!
— Володимир Зеленський (@ZelenskyyUa) July 6, 2023
There will definitely be a response to the enemy. A strong one. pic.twitter.com/9yl1MT6Eu4
یوکرینی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے ، ابھی یہ واضح نہیں کہ عمارت میں کتنے میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
یوکرین نے حال ہی میں اپنے فضائی دفاعی نظام کو مغربی ممالک کی فراہم کردہ ہتھیاروں سے تقویت دی ہے جس کی مدد سے اکثر روسی میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا جاتا ہے۔
روس کی جانب سے رہائشی اپارٹمنٹ پر میزائل حملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا لیکن روس یوکرین میں شہریوں اور رہائشی علاقوں میں بمباری کی ہمیشہ سے تردید کرتا آیا ہے۔