ویگنر گروپ اب یوکرین میں جنگ نہیں لڑے گا : روسی حکام

Published On 30 June,2023 06:58 am

ماسکو : ( ویب ڈیسک ) روسی حکام کا کہنا ہے کہ ویگنر گروپ اب یوکرین میں جنگ نہیں لڑے گا اور اس حوالے سے سربراہ گروپ یوگینی پریگوزین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے ایک سینئر قانون ساز کا کہنا تھا کہ ویگنر سربراہ یوگینی پریگوزین کو بتایا گیا کہ ان کا گروپ اب یوکرین میں نہیں لڑے گا کیونکہ انہوں نے اپنے فوجیوں کو وزارت دفاع کے زیر اثر لانے کے معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

دفاعی کمیٹی کے سربراہ آندرے کارتاپولوف کا کہنا تھا کہ پریگوزین کا وزارت دفاع کے اس مطالبے سے اختلاف تھا کہ اس کا گروپ معاہدوں پر دستخط کرے۔

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں بغاوت کی کوشش سے چند دن پہلے وزارت دفاع نے کہا تھا کہ جنگی کام انجام دینے والی تمام فارمیشنوں کو وزارت دفاع کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرنا ہوں گے جس کے بعد ہر ایک نے اس فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا لیکن پریگوزین اس سے انکاری تھے۔

خیال رہے کہ یوگینی پریگوزین نے 11 جون کو کہا تھا کہ ان کے ویگنر فوجی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کے ساتھ کسی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے کیونکہ شوئیگو فوجی یونٹوں کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں۔

کارتاپولوف نے مزید کہا کہ پریگوزین کے معاہدوں پر دستخط کرنے سے انکار کے بعد انہیں بتایا گیا تھا کہ ان کے فوجی اب یوکرین میں نہیں لڑیں گے اور اس طرح وہ ریاستی رقم بھی وصول نہیں کریں گے۔