کیف : (ویب ڈیسک ) روس نے یوکرین کو ایف 16جنگی طیارے دینے کے معاملے پر امریکا کو خبردار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین کو ایف 16 دینے کا مطلب روس اور نیٹو براہ راست جنگ ہوگی، اس جنگ میں روس نہیں دیکھے گا کہ ایف 16 نیوکلیئر ہتھیاروں سے لیس ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایف 16 طیارے نیوکلیئر ہتھیار لےجانے کے حامل ہوتے ہیں ، یوکرین کو ایف 16 دینے کا مطلب مغرب کی روس پر نیوکلیئر حملے کی دھمکی ہوگا۔
دوسری جانب لیتھوانیا میں 2 روزہ نیٹو سمٹ کے اختتام پر امریکی صدر جوبائیڈن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے طاقت اور زمین کے حصول کی ہوس میں یوکرین پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کردیا۔
امریکی صدر کاکہنا تھا کہ ان کا اندازہ تھا کہ ایسا کرنے سے نیٹو اتحاد ٹوٹ جائے گا لیکن وہ غلط سوچ رہے تھے، نیٹو اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ نیٹو کےدو روزہ سربراہی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں جی سیون ممالک نے واضح کیا کہ روس کے خلاف فورس اور طویل فاصلے تک مار کرنے والا اسلحہ یوکرین کو ترجیحی بنیادوں پر دیا جائے گا۔