لاہور: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت عامر میر سے لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا اور دو طرفہ سیاحتی مقامات تک عام لوگوں کو رسائی دینے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت عامر میر نے کہا کہ ایرانی اور پاکستانی سیاحتی مقامات تک بلا تعطل رسائی سیاحت کو فروغ دے گی۔
ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تاریخی شہروں کو جڑواں شہر قرار دینے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، لاہور میں فردوسی اور تہران میں علامہ اقبال کے مجسمے نصب کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات عامر میر نے ایرانی قونصل جنرل کی تجاویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فردوسی اور اقبال کے مجسمے نصب کرنے کے حوالے سے جلد از جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔