ایٹمی معاہدہ پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے: ایران

Published On 17 July,2023 10:44 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تہران نے سفارتی ذرائع سے انحراف نہیں کیا انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے پر بات چیت کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے مستقبل قریب میں کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے لیکن امریکہ کو اس میدان میں اپنی مرضی اور عزم کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے امریکی حکومت کو خطے میں سلامتی کو غیر مستحکم کرنے والے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا،انہوں نے خبردار کیا کہ خطے کے معاملات میں مداخلت تعمیری نہیں ہے۔ اس سے تناؤ بڑھتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس بیان سے قبل امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اتوار کے روز یہ بیان دیا تھا کہ امریکہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے کسی معاہدے کے قریب نہیں ہے۔

سلیوان نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن ابھی تک تہران میں قید چار امریکیوں کی رہائی کے لیے ایران کے ساتھ معاہدہ نہیں کر سکا ہے،گزشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے ساتھ عبوری ایٹمی معاہدے تک پہنچنے سے مکمل طور پر انکار کر دیا تھا۔