اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور زیر غور آئے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنروں نے الیکشن کے انعقاد سے متعلق انتظامات پر بریفنگ دی، الیکشن کمیشن نے سپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی اوور سائٹ کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی تمام امور کی بروقت اور تسلی بخش تکمیل کو یقینی بنائے گی۔
سیکرٹری عمر حمید خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تمام ونگز انچارج اور صوبائی الیکشن کمشنر انتخابات کے لیے فوری انتظامات کریں، ضروری الیکشن میٹریل کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کو حلقہ بندی کے لئے نقشہ جات و دیگر ڈیٹا حاصل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات سے میٹریل بروقت موصول ہو گیاہے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ، ڈی جی لاء، صوبائی الیکشن کمشنروں سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔