لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے زیرصدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔
محسن نقوی نے صوبائی وزراء، مشیران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو منڈیوں کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی ہدایت کی، نگران وزیراعلیٰ نے کہا وزراء، مشیران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی مانٹیرکریں۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایات دیں، انہوں نے کہا ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فروخت پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
محسن نقوی نے کہا ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مقرر کردہ قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی فروخت یقینی بنانے، ٹاسک پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کو مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا مہنگائی کے باعث لوگوں کو مشکل کا سامنا ہے، ہم سب نے مل کر بھرپور کوشش کرنی ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے، پرائس کنٹرول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اجلاس کے دوران کہا سپیشل برانچ کے ساتھ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم بھی پرائس کنٹرول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرے گی۔
سیکرٹری صنعت نے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی، سیکرٹری لائیو سٹاک نے چکن کی قیمتوں اور طلب و رسد کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا، سیکرٹری خوراک نے چینی کی ڈیمانڈ اور قیمتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹریز انڈسٹریز، خوراک، خزانہ، ٹرانسپورٹ، لائیوسٹاک، زراعت، کمشنر لاہور ڈویژن، کین کمشنر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈپٹی کمشنر، ندیم رضا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
نگران وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔