جڑانوالہ واقعے میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی: نگران وفاقی وزیر اطلاعات

Published On 23 August,2023 10:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعے میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جڑانوالہ والے واقعات اچانک رونما نہیں ہوتے، اس کی ایک تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم اعتماد کا کلچر ایک دن میں نہ پیدا ہوا ہے نہ ختم ہو گا۔

بٹگرام کے چیئر لفٹ واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے پیشہ وارانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا، مقامی لوگوں نے بھی بہادری کا مظاہرہ کیا اور بچوں کو ریسکیو کر لیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کو مقامی نوجوانوں کی بہادری کا ادراک ہے، انوار الحق کاکڑ مقامی نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کریں گے۔